بڑھتی ہوئی چوری اور سیکیورٹی خدشات،مٹھی ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے وفد کی مہیش کمار ملانی اور فقیر شیر محمد بلالانی سے ملاقات

مٹھی (رپورٹ: میندھرو کاجھروي/جانو ڈاٹ پی کے): مٹھی ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ایم این اے ڈاکٹر مہیش کمار ملانی اور فقیر شیر محمد بلالانی سے اہم ملاقات کی، جس میں شہر میں بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں، سیکیورٹی صورتحال اور جرائم پر قابو پانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے، سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے اور جرائم کی روک تھام کے لیے مختلف حفاظتی اقدامات پر گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے شہر میں پرامن اور محفوظ ماحول کے قیام کے لیے شہریوں اور کاروباری برادری کی مشترکہ ذمہ داری پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر شہریوں اور تاجروں سے اپیل کی گئی کہ وہ ذمہ دار شہری کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے اردگرد کے حالات پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیں۔

ملاقات میں گھروں، دکانوں اور گلیوں میں ممکنہ حد تک سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی بھی ترغیب دی گئی تاکہ مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی اور جرائم کی روک تھام میں مدد مل سکے۔

شرکاء نے کرایہ داروں کی متعلقہ تھانے میں رجسٹریشن کو بھی اہم قرار دیا اور شہریوں سے کہا کہ رہائشی یا تجارتی جائیداد کرائے پر دیتے وقت مطلوبہ بائیومیٹرک یا پولیس رجسٹریشن کے طریقہ کار کو مکمل کیا جائے۔

ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مٹھی میں امن و امان اور شہریوں کے تحفظ کے لیے انتظامیہ، پولیس، تاجروں اور عوام کو مل کر مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button