ویساسر میں متاثرہ خاندانوں سے سینیٹر پونجو مل بھیل کی ملاقات، مسائل حل کرانے کی یقین دہانی

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) سینیٹر و ایڈووکیٹ پونجو مل بھیل نے ویساسر پہنچ کر متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل اور خدشات تفصیل سے سنے۔
اس موقع پر سینیٹر پونجو مل بھیل نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں کسی بھی غریب اور مستحق شخص کا گھر بغیر قانونی جواز، مناسب قانونی طریقہ کار اور متبادل انتظام کے منہدم کرنے کا کسی کو اختیار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویساسر کے متاثرہ خاندانوں کی مشکلات اور خدشات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ معاملے کو قانون، انصاف اور انسانیت کی بنیاد پر دیکھا جائے گا، جبکہ متاثرہ خاندانوں کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
سینیٹر پونجو مل بھیل نے مزید کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے مسائل کے حوالے سے متعلقہ حکام سے رابطہ کریں گے اور ان کے جائز مطالبات کے حل کے لیے ہر مناسب فورم پر آواز اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ غریب کی چھت کا تحفظ اور محروم لوگوں کے حقوق کی حفاظت پاکستان پیپلز پارٹی کی عوام دوست سوچ اور منشور کی بنیادی روح سے وابستہ ہے۔
ملاقات کے موقع پر وکیل موہن لال بھیل، کامریڈ سومرو مل بھیل، سابق وائس چیئرمین یونین کونسل چیلہار چیلارام بھیل، پیپلز پارٹی ڈیجیٹل میڈیا کوآرڈینیٹر ضلع تھرپارکر سارنگ سنگھ سیراڻي اور دیگر دیہاتی بھی موجود تھے۔



