ایم ڈی کیٹ دوبارہ کرانے کا مطالبہ مسترد، تھر کے طلبہ کی میرٹ پر کارکردگی تسلیم کی جائے،ارباب غلام رحیم

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروي/جانو ڈاٹ پی کے) سندھ کے سابق وزیراعلیٰ اور تھرپارکر سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنما ارباب غلام رحیم نے ایم ڈی کیٹ کا امتحان دوبارہ کرانے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھرپارکر کے طلبہ نے امتحان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنی صلاحیت ثابت کی ہے، اس لیے ان کی محنت اور میرٹ کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔
ارباب غلام رحیم نے ایم ڈی کیٹ امتحان میں کامیابی حاصل کرنے اور اچھی کارکردگی دکھانے والے تھرپارکر کے تمام طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تھر کے نوجوانوں میں صلاحیت کے ساتھ ساتھ محنت اور آگے بڑھنے کا جذبہ بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر تھرپارکر کے طلبہ نے ایم ڈی کیٹ میں نمایاں پوزیشنز حاصل کی ہیں تو یہ ان کی محنت اور قابلیت کا نتیجہ ہے، کسی کو ان کی کامیابی پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ دوبارہ کرانے کا مطالبہ کرنے کے بجائے حقائق کو تسلیم کرنے اور نفرت کی سیاست سے گریز کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے سندھ، بالخصوص تھرپارکر میں میڈیکل کی نشستوں میں اضافے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ مزید طلبہ کو میڈیکل تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر آسکیں۔
ارباب غلام رحیم نے مزید کہا کہ اگر انہیں دوبارہ عوام کی خدمت کا موقع ملا تو وہ تھرپارکر میں میڈیکل کالج کے قیام کے لیے اقدامات کریں گے، کیونکہ یہ خطے کے مستحق اور پسماندہ طلبہ کا حق ہے۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ نفرت کی سیاست سے دور رہتے ہوئے عوامی خدمت اور مثبت سوچ کو فروغ دیا جائے۔



