جنس کی تبدیلی پر تنازع،نوجوان نےچیٹ جی پی ٹی سے مددلے کرماں کوقتل کردیا

لکھنؤ (جانو ڈاٹ پی کے)بھارتی شہر لکھنؤ میں جنس کی شناخت اور سرجری کے معاملے پر خاندانی تنازع خوفناک واقعے میں تبدیل ہوگیا، جہاں 17 سالہ نوجوان پر اپنی 42 سالہ والدہ کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوان خود کو لڑکی کے طور پر شناخت کرتا تھا اور جنس کی تبدیلی سے متعلق سرجری کرانا چاہتا تھا، جبکہ گھر میں اس معاملے پر اختلافات چل رہے تھے۔ پولیس کے مطابق نوجوان اور اس کی والدہ کے درمیان اسی معاملے پر بحث ہوئی، جس کے دوران اس نے مبینہ طور پر لوہے کے رِنچ سے والدہ کے سر پر وار کیا، جس سے وہ جانبر نہ ہوسکیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان واقعے کے بعد موقع پر موجود رہا اور خود پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس اور فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے جبکہ مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی۔
تحقیقات کے دوران پولیس کو نوجوان کی ایک ڈائری بھی ملی، جس میں مبینہ طور پر قتل کی منصوبہ بندی اور استعمال ہونے والے سامان سے متعلق تفصیلات درج تھیں۔ پولیس نے رِنچ، موبائل فون، کپڑے اور دیگر شواہد قبضے میں لے کر فرانزک جانچ کے لیے بھجوا دیے ہیں۔



