وزیر اعظم کاصومالیہ میں شہید پاکستانیوں کے خاندانوں کیلئے کروڑوں کی امداد،گھراورمفت تعلیم کا اعلان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے بحری جہاز کی بازیابی کے دوران جاں بحق ہونے والے تین پاکستانیوں کے خاندانوں کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جاں بحق پاکستانی شہری سید کاشف عمر کے بیٹے اذہان کاشف سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کی اور سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کے مطابق تینوں پاکستانی خاندانوں کو فی خاندان ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ جاں بحق افراد کے بچوں کے لیے مفت تعلیمی اور طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے ہر متاثرہ خاندان کو گھر دینے کا بھی اعلان کیا۔صومالیہ میں MT Honour 25 کی بازیابی کے آپریشن کے دوران پانچ افراد جاں بحق ہوئے تھے، جن میں تین پاکستانی شہری رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری شامل تھے۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے تینوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت غمزدہ خاندانوں کو اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے وزارت خارجہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں جلد از جلد وطن منتقل کرنے کے لیے صومالی حکام اور دیگر فریقین سے رابطے تیز کیے جائیں۔دریں اثنا نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی تصدیق کی ہے کہ جاں بحق تین پاکستانیوں کی میتیں پاکستان لانے کے لیے قانونی اور دیگر ضروری کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔ چار پاکستانی عملے کے ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور ان کی 3 اکتوبر کو کراچی آمد متوقع ہے۔



