امریکا سے مذاکرات سے کبھی گریز نہیں کریں گے، ایرانی صدر

تہران (جانو ڈاٹ پی کے)ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات سے کبھی گریز نہیں کرے گا، تاہم ان کے بقول مذاکرات اور معاہدے کے باوجود ایران کو تین مرتبہ نشانہ بنایا جاچکا ہے۔

ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق مسعود پزشکیان نے کاروباری شخصیات سے ملاقات کے دوران کہا کہ ایران نے ماضی میں بھی مذاکرات سے گریز نہیں کیا اور آئندہ بھی بات چیت کا راستہ کھلا رکھے گا۔ایرانی صدر نے کہا کہ حکومت کاروباری شعبے کو درپیش مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے، جبکہ ملک کی قیادت کے درمیان مسائل سے نمٹنے کے لیے ہم آہنگی موجود ہے۔مسعود پزشکیان کے مطابق سمندری راستوں پر پابندیوں اور مشکلات کے باوجود ایران تجارت کے متبادل ذرائع تلاش کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان، عراق، ترکمانستان اور آذربائیجان سمیت پڑوسی ممالک کے ساتھ زمینی راستوں سے درآمدات اور برآمدات بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ سفارتی رابطے جاری ہیں۔ ایران نے گزشتہ ہفتے آبنائے ہرمز کھولنے اور جنگ بندی کی بحالی سے متعلق ایک تجویز پیش کی تھی، جس پر امریکی جواب تہران کو موصول ہونے کی تصدیق ایرانی حکام نے کی ہے۔اس سے قبل صدر پزشکیان نے ایک انٹرویو میں امریکا کے ساتھ مذاکرات پر عدم اعتماد کا بھی اظہار کیا تھا، تاہم تازہ بیان میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ تہران مذاکرات کا راستہ مکمل طور پر بند نہیں کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button