پٹرول پر حکومتی ریلیف جاری، ایک کروڑ 3 لاکھ ٹوکن استعمال ہوگئے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کے بروقت اقدامات کے باعث شہری فیول ریلیف اسکیم سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، اب تک 75 لاکھ سے زائد افراد اسکیم سے مستفید ہوچکے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف اسکیم کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں اسکیم پر عملدرآمد اور شہریوں کو فراہم کیے جانے والے ریلیف کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں حکومت کم آمدن اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ ان کے مطابق 15 ستمبر سے اب تک مختصر مدت میں 75 لاکھ سے زائد شہریوں کا اسکیم سے فائدہ اٹھانا باعث اطمینان ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ فیول سبسڈی اسکیم کے تحت 84 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، جبکہ جاری کیے گئے ایک کروڑ 22 لاکھ ٹوکنز میں سے ایک کروڑ 3 لاکھ ٹوکنز استعمال کیے جاچکے ہیں۔

حکام کے مطابق اسکیم اب تیسرے ہفتے میں داخل ہوچکی ہے اور پہلی یا دوسری مرتبہ سبسڈی حاصل کرنے والے شہری آئندہ ہفتے بھی سبسڈی حاصل کرسکیں گے۔ ملک بھر کے 129 اضلاع میں اسکیم پر عملدرآمد جاری ہے جبکہ پیٹرول پمپس پر شہریوں کو سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فیول ریلیف اسکیم پر عملدرآمد میں حکومتی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ حکومتی مشینری کے مؤثر اور مربوط تعاون کی مثال ہے۔ انہوں نے نائب وزیراعظم، متعلقہ وفاقی وزرا، اوگرا اور وفاقی و صوبائی حکام کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسکیم کے ذریعے تیار ہونے والا مستحکم ڈیٹا بیس مستقبل میں بھی شہریوں کی معاونت کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

مزید خبریں

Back to top button