خیبرپختونخوا کی صورتحال پر وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس، گورنر راج سمیت مختلف آپشنز پر غور

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں جاری ہے، جس میں گورنر راج اور دیگر آئینی و قانونی آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر کشمیر امور امیر مقام سمیت دیگر حکام شریک ہیں۔ ذرائع کے مطابق شرکا کو خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور سیاسی معاملات پر بریفنگ دی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے 4 اکتوبر کو اسلام آباد کی جانب اعلان کردہ مارچ، صوبے کی سکیورٹی صورتحال اور مختلف آئینی و قانونی اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کسی بھی فیصلے سے قبل متعلقہ سیاسی و آئینی اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے بھی ایوان صدر میں خیبرپختونخوا کی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت کے درمیان اس معاملے پر ملاقات بھی متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے معاملے پر سیاسی سطح پر مشاورت جاری ہے، تاہم یکم اکتوبر تک وفاقی حکومت کی جانب سے کسی حتمی اقدام کا اعلان نہیں کیا گیا۔



