کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کا جھگڑا، ایک جاں بحق، متعدد زخمی، اعلیٰ سطح انکوائری کا حکم

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں ایک قیدی کے جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے کے واقعے کا محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹس لے لیا۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سیکرٹری داخلہ پنجاب نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور تحقیقات کے لیے 3 ڈی آئی جیز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
انکوائری کمیٹی میں ڈی آئی جی پریزن لاہور محسن رفیق، ڈی آئی جی پریزن ہیڈکوارٹر شوکت فیروز اور ڈی آئی جی پریزن انسپکشن نوید رؤف شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق اعلیٰ سطح انکوائری کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جس کے دوران زخمی قیدیوں اور جیل عملے سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انکوائری کے ذریعے واقعے کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا، جس کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے زخمی قیدیوں کو بہترین ممکنہ طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ترجمان کے مطابق آئی جی پریزن میاں سالک جلال اور ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ جنرل ہسپتال میں موجود ہیں، جہاں وہ زخمی قیدیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی نگرانی کر رہے ہیں۔



