اکتوبر میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی، بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد ہونے کا امکان

اسلام آباد/لاہور (جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے اکتوبر میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کردی، جس کے باعث بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی اور بلند پہاڑی سلسلوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک نے 24 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے کے اختتام پر اسلام آباد، راولپنڈی سمیت بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اچھی بارش متوقع ہے۔

ان کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں درجہ حرارت مزید کم ہوگا جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب بلوچستان اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں رواں سال مون سون سیزن اختتام پذیر ہوگیا۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں، جن میں راولپنڈی میں سب سے زیادہ 1505 ملی میٹر، لاہور میں 1316 ملی میٹر، سیالکوٹ میں 1256 ملی میٹر اور گوجرانوالہ میں 1161 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں سال پنجاب میں کسی بڑے دریا میں بڑے سیلاب کی صورتحال پیدا نہیں ہوئی، تاہم شیخوپورہ کے نالوں میں طغیانی کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔ بارشوں اور سیلاب سے 83 موضع جات اور 43 ہزار 188 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا جبکہ مجموعی طور پر 1215 گھر بھی متاثر ہوئے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ دریاؤں، ڈیمز اور بیراجز کی مسلسل نگرانی جاری ہے اور پنجاب کے تمام دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 65 شہری جاں بحق اور 382 زخمی ہوئے، جبکہ 224 مکانات متاثر اور 21 مویشی ہلاک ہوئے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں پی ڈی ایم اے آئندہ ممکنہ موسمی اور سیلابی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

مزید خبریں

Back to top button