پاکستان، سری لنکا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان، کم از کم قیمت 200 روپے مقرر

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کردیا گیا، جس کے تحت شائقین کرکٹ کم از کم 200 روپے میں میچ دیکھنے کے لیے ٹکٹ حاصل کرسکیں گے۔

اعلامیے کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آن لائن ٹکٹ 3 اکتوبر سے فروخت ہوں گے، جبکہ فزیکل ٹکٹ 5 اکتوبر سے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 9 سے 13 اکتوبر تک راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ پہلے دو میچز کے جنرل ٹکٹ 300 روپے سے شروع ہوں گے، جبکہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے جنرل ٹکٹ کی کم از کم قیمت 200 روپے مقرر کی گئی ہے۔

پہلے دو ٹی ٹوئنٹی میچز کے وی آئی پی ٹکٹ ایک ہزار روپے سے دستیاب ہوں گے، جبکہ تیسرے میچ کے وی آئی پی ٹکٹ 800 روپے سے شروع ہوں گے۔

دوسری جانب پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے آن لائن ٹکٹ 10 اکتوبر سے فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے، جبکہ فزیکل ٹکٹ 14 اکتوبر سے دستیاب ہوں گے۔

تین ملکی ون ڈے سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ اس کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز ہوگی۔

پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز کے ٹکٹ ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گے، تاہم ان کی فروخت کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button