ایشین گیمز: پاکستان نے بھارت کو 3-0 سے شکست دے کر والی بال سیمی فائنل میں جگہ بنا لی


ناگویا(ویب ڈیسک) ایشین گیمز کے مینز والی بال ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 3-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
جاپان میں جاری ایشین گیمز کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں سیٹس میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان نے پہلا سیٹ 25-19، دوسرا 25-23 اور تیسرا سیٹ 25-18 سے جیتا۔
پاکستان نے یہ مقابلہ ایک گھنٹہ 20 منٹ میں اپنے نام کیا۔ میچ میں پاکستان نے مجموعی طور پر 75 جبکہ بھارت نے 60 پوائنٹس حاصل کیے۔ پاکستان نے اسپائکس کے ذریعے 50 پوائنٹس حاصل کیے، جبکہ بھارت کے اسپائکس سے 33 پوائنٹس آئے۔
بلاکس میں بھی پاکستان کو برتری حاصل رہی، قومی ٹیم نے بلاکس کے ذریعے 6 جبکہ بھارت نے 4 پوائنٹس حاصل کیے۔
پاکستان کی جانب سے مراد خان 22 پوائنٹس کے ساتھ نمایاں رہے، انہوں نے اسپائکس سے 21 اور سروس کے ذریعے ایک پوائنٹ حاصل کیا۔ مصور خان نے 7، حماد نے 8 جبکہ عثمان فریاد نے 9 پوائنٹس بنائے۔
اس فتح کے بعد پاکستان نے ایشین گیمز مینز والی بال کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔