پنجاب میں سینی ٹیشن فیس کی وصولی آج سے شروع، 50 لاکھ پراپرٹیز کو بل جاری ہوں گے

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں شہریوں سے سینی ٹیشن فیس کی وصولی کا باقاعدہ آغاز آج سے کیا جا رہا ہے، جس کے تحت محکمہ ایکسائز صوبے کے شہری علاقوں میں صفائی کی خدمات کے لیے تقریباً 50 لاکھ کمرشل اور رہائشی پراپرٹیز کے مالکان کو بل جاری کرے گا۔

حکومت کی جانب سے ستھرا پنجاب منصوبے کی بلنگ کی ذمہ داری محکمہ ایکسائز کو سونپی گئی ہے۔ ایکسائز حکام کے مطابق پراپرٹی مالکان کو ایک سال کی سینی ٹیشن فیس کی ادائیگی کے لیے 6 ماہ کے بل جاری کیے جائیں گے، جبکہ بل موصول ہونے کے بعد 60 روز کے اندر فیس ادا کرنا ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ مقررہ مدت میں ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں جرمانے کے ساتھ واجبات وصول کیے جائیں گے۔

ایکسائز حکام کے مطابق ستھرا پنجاب منصوبے اور محکمہ ایکسائز کے درمیان بلنگ کے لیے ڈیٹا انٹیگریشن مکمل کرلی گئی ہے۔ اربن یونٹ کے ڈیٹا کی بنیاد پر بل پرنٹ کرکے متعلقہ ریجنز کو بھجوائے جائیں گے، جبکہ متعلقہ سرکلز میں انسپکٹرز بلوں کی ترسیل کے ذمہ دار ہوں گے۔

حکام کے مطابق شہری علاقوں میں موجود تقریباً 50 لاکھ پراپرٹیز سے سالانہ تقریباً 40 ارب روپے کی ریکوری متوقع ہے، جبکہ شہری علاقوں میں سینی ٹیشن فیس کے بلوں کی ترسیل 2 اکتوبر سے شروع کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button