بزرگ شہری معاشرے کا قیمتی سرمایہ، ان کے احترام اور فلاح کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، مریم نواز

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بزرگ شہری معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں اور حکومت پنجاب ان کے احترام، فلاح و بہبود اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
بزرگ افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے بزرگ شہریوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی صحت، سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بزرگ ہمارے ماضی کا عکس، حال کی روشنی اور مستقبل کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزرگوں نے اپنی جوانی کی توانائیاں، تجربات اور قربانیاں دے کر موجودہ نسلوں کے لیے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھی، جبکہ ان کا احترام ہماری اقدار اور تہذیب کا اہم حصہ ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ بزرگوں کے تجربات اور مشاہدات کسی خزانے سے کم نہیں، ان کے حقوق کی پاسداری، خدمت اور دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے بزرگوں کو کبھی فراموش نہ کریں اور انہیں وہ عزت و مقام دیں جس کے وہ حق دار ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت بزرگ شہریوں کے لیے اولڈ ہومز میں سہولیات مزید بہتر بنا رہی ہے۔ ان کے مطابق اولڈ ہومز میں مقیم بزرگ مرد و خواتین کو حج کی سعادت حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی الیکٹرک بس سروس میں بزرگ افراد کو مفت سفر کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔
مریم نواز شریف نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بزرگوں کا احترام کریں، ان کی عزت کریں اور ان کی خدمت کو اپنی ذمہ داری سمجھیں۔



