معیشت کی بحالی کیلئے ٹیم ورک کیا، اب پائیدار گروتھ لانا ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو مشکل حالات سے نکال کر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے وفاق اور صوبائی حکومتوں نے مل کر کام کیا، اب معیشت میں پائیدار ترقی لانے اور نجی شعبے کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کچھ سال قبل ملکی معیشت مشکل حالات سے دوچار تھی، تاہم معیشت کی بحالی کے لیے ٹیم ورک کے ذریعے اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں پاکستان کا نام نمایاں طور پر لیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق نیویارک اور لندن میں کاروباری برادری کے نمائندوں سے ملاقاتیں ہوئیں، جہاں ان کی جانب سے حکومتی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

شہباز شریف نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 21.4 ارب ڈالر کی سطح پر ہیں، جبکہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب معیشت میں پائیدار گروتھ لانا ہوگی، جس کے لیے نجی شعبے کو اپنا کردار بڑھانا ہوگا۔ خطے کے دیگر ممالک کی اسٹاک ایکسچینجز کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے مخصوص صنعتوں کو دی جانے والی سبسڈی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود بعض شعبوں کو سہولت فراہم کی گئی، تاہم بعض صنعتیں توقعات کے مطابق برآمدات میں اضافہ نہیں کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں کو درست کرنے کی ضرورت ہے اور صرف دعووں کے بجائے عملی نتائج سامنے آنا چاہئیں۔

شہباز شریف نے نیا ناظم آباد کے منصوبوں کی تعمیر پر عارف حبیب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی منزل تک پہنچانے کے لیے بھرپور محنت کرنا ہوگی اور ملک کو عالمی سطح پر اس کا مقام دلانے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک عظیم پارٹنر کے طور پر کام کیا ہے، دعا ہے کہ یہ شراکت داری جاری رہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے اجتماعی کوششوں کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Back to top button