ایم ڈی کیٹ متنازع آنسر کیز کا معاملہ، سوالیہ پرچہ ویب سائٹ پر جاری کرنے کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) ایم ڈی کیٹ کی مبینہ متنازع آنسر کیز کے معاملے پر سوالیہ پرچہ اور جوابی کلید ویب سائٹ پر جاری کرنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی)، سکھر آئی بی اے اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی سمیت 6 فریقین کو نامزد کیا گیا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ایم ڈی کیٹ کا سوالیہ پرچہ اور آنسر کیز فوری طور پر ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کی جائے اور یہ دستاویزات تین روز کے اندر امیدواروں کی رسائی کے لیے دستیاب بنائی جائیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سوالیہ پرچہ دیکھے بغیر امیدواروں کے لیے آنسر کیز کو مؤثر انداز میں چیلنج کرنا ممکن نہیں، اس لیے تمام ایم ڈی کیٹ امیدواروں کو سوالیہ پرچے تک رسائی فراہم کی جائے۔

درخواست گزار کے وکیل محمد نواز ڈاہری ایڈووکیٹ کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا امتحان 20 ستمبر کو منعقد ہوا تھا، تاہم امیدواروں کو صرف جوابی شیٹ کی کاربن کاپی فراہم کی گئی۔ ان کے مطابق امیدواروں نے سوالیہ پرچہ ساتھ لے جانے کی اجازت طلب کی، لیکن انتظامیہ نے اجازت نہیں دی۔

وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نمبروں میں معمولی فرق بھی میرٹ اور میڈیکل کالج میں داخلے کے امکانات پر اثرانداز ہو سکتا ہے، اس لیے سوالیہ پرچہ فوری طور پر پبلک کیا جانا ضروری ہے۔

درخواست میں عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ معاملہ شفاف ہونے تک ایم ڈی کیٹ کی حتمی میرٹ لسٹ جاری کرنے اور داخلوں کو حتمی شکل دینے سے روکا جائے، جبکہ حتمی میرٹ لسٹ کے اجرا سے قبل تمام متعلقہ امور واضح کرنے کی ہدایت کی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button