افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی، 22 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کے دو ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 22 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

وزارت اطلاعات کے جاری بیان کے مطابق کارروائی میں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں موجود بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کردیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر انتہائی درستگی کے ساتھ کی گئی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاط برتی گئی۔

وزارت اطلاعات کے مطابق آپریشن غضب لِلحق کے تحت دہشت گردوں اور ان کی محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی اور وہاں سے پاکستان کو لاحق خطرہ تشویش کا باعث ہے۔

وزارت اطلاعات نے کہا کہ شہریوں کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ملک خطے میں امن اور استحکام کے لیے کوشاں رہا ہے۔ عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن غضب لِلحق پوری رفتار سے جاری رہے گا، جبکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پرعزم ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button