چین اور پاکستان ہر موسم کے سٹریٹجک شراکت دار ہیں، چینی سفیر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے سٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
چین کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اپنی اعلیٰ سفارتی بصیرت کے باعث عالمی سطح پر ایک اہم اور بڑھتا ہوا کردار ادا کر رہا ہے۔
جیانگ ژائی ڈونگ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خطے سمیت عالمی سطح پر امن و سلامتی کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کے قومی مفادات کا مضبوط انداز میں دفاع کیا۔
چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر مشکل اور ہر وقت میں بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف شعبوں میں پاک چین عملی تعاون کو ہمیشہ خصوصی اہمیت دی ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔



