کورنگی میں ترقیاتی منصوبے سندھ حکومت کی کارکردگی کا ثبوت ہیں، مراد علی شاہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورنگی بالخصوص صنعتی علاقے میں سندھ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کو کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) نے بھی سراہا ہے۔
کاٹی کے ایوارڈ اور ڈنر پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورنگی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں، صنعتی علاقوں کی شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر سندھ حکومت کی ترقیاتی سرگرمیوں کا واضح ثبوت ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے کورنگی میں آٹزم کا شکار بچوں کے لیے اسکول بھی قائم کیا ہے، جبکہ کاٹی کو جلد ایک سنارکل فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ییلو لائن منصوبے کی تعمیر کے حوالے سے کاٹی کے صنعتکاروں کی تجاویز کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ کورنگی میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے کاٹی کے نمائندوں کی مشاورت سے اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں امن و امان کا مسئلہ حکومت کے لیے باعث تشویش رہا، تاہم سندھ حکومت نے صورتحال پر قابو پایا۔
انہوں نے کہا کہ کاٹی کے علاقے میں پانی کا مسئلہ جلد حل کیا جائے گا۔ ان کے مطابق سندھ حکومت نے سڑکوں کی تعمیر کے لیے کاٹی کو 2 ارب روپے فراہم کیے تھے، تاہم رقم ملنے کے باوجود چھ ماہ گزرنے کے بعد بھی کام شروع نہیں ہوسکا۔
مراد علی شاہ نے کاٹی کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے صنعتکاروں کو سیاست سے دور رہنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکار سیاست کے بجائے صنعتی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں پر توجہ دیں۔



