بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، متعدد دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ، پشاور(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کردیئے، جبکہ متعدد دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے سنی میں کارروائی کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ دہشت گردوں کو کواڈ کاپٹرز کے ذریعے مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا، جبکہ علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں بھی سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران خوارج کے متعدد ٹھکانے اور سرنگیں تباہ کردی گئیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا، جبکہ متعدد دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔ سرچ آپریشن کے دوران برآمد ہونے والے دھماکہ خیز مواد کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے ناکارہ بنا دیا گیا۔

سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button