ایران سے متعلق جلد اہم واقعات ہوں گے، ٹرمپ کا اعلان، آبنائے ہرمز پر کنٹرول کا دعویٰ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے کہا ہے کہ جلد بہت اہم واقعات دیکھنے کو ملیں گے، تاہم انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے ایران کی فوجی اور معاشی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایک ایسے ملک سے نمٹ رہا ہے جس کی معیشت مشکلات کا شکار ہے، جبکہ ان کے بقول ایران کی بحریہ، فضائیہ اور طیارہ شکن نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر آبنائے ہرمز پر امریکی کنٹرول کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین روز کے دوران آبنائے ہرمز سے گزرنے والی تیل کی مقدار امریکی تاریخ میں کسی بھی وقت کے مقابلے میں زیادہ رہی ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ صرف موجودہ جنگ کے عرصے کی بات نہیں کررہے بلکہ پوری تاریخ کے تناظر میں یہ دعویٰ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ایران کا مؤقف ہے کہ آبنائے ہرمز پر اس کا کنٹرول برقرار ہے اور جنگ سے قبل کے معمول کے حالات ابھی بحال نہیں ہوئے۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق آبنائے سے تیل کی ترسیل میں اضافہ ضرور ہوا ہے، تاہم ٹریفک اب بھی جنگ سے پہلے کی سطح سے کم ہے۔



