کراچی میں ریڈ لائن منصوبے کی شٹرنگ گر گئی، سکیورٹی گارڈ جاں بحق

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد کے قریب ریڈ لائن منصوبے کے زیر تعمیر پل کی شٹرنگ اچانک زمین بوس ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو اور سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والا شخص زیر تعمیر منصوبے پر ڈیوٹی انجام دینے والا سکیورٹی گارڈ تھا۔

پولیس کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں تیزی کردی گئی ہے۔ ریسکیو اہلکار بھاری ملبہ ہٹا کر ممکنہ طور پر پھنسے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات کا تعین بھی کیا جا رہا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button