روس کی جوہری دھمکیوں کا خطرہ حقیقی نہیں، نیٹو سیکرٹری جنرل

برسلز(مانیٹرنگ ڈیسک) نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے روس کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو ایک دفاعی اتحاد ہے اور اس کی کوئی فوجی مشق یا سرگرمی روسی سرزمین کے لیے خطرہ نہیں۔
مارک روٹے کا کہنا تھا کہ روس کی جانب سے جوہری ہتھیار استعمال کیے جانے کا خطرہ فی الحال حقیقی نہیں، جبکہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ نیٹو کے خلاف فوجی کارروائی میں کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں۔
دوسری جانب روسی حکام نے یورپی ممالک پر خطے میں کشیدگی بڑھانے کا الزام عائد کیا ہے، جبکہ یورپی حکومتیں ماسکو پر ہائبرڈ جنگی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات لگاتی ہیں۔ روس ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بالٹک خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث فریقین کے درمیان غلط اندازوں اور کسی ممکنہ براہِ راست تصادم کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔



