ٹیکساس میں فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 2 افراد ہلاک

سلاڈو (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سلاڈو کے قریب فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکی فوجی حکام کے مطابق حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کا شکار ہونے والا فوجی ہیلی کاپٹر اے ایچ-64 اپاچی تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ اداروں نے کارروائی شروع کردی، جبکہ فورٹ ہُڈ کرمنل انویسٹی گیشن ڈویژن نے حادثے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
فوجی حکام کے مطابق حادثے کی فوری وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم تحقیقات کے ذریعے حادثے کی وجوہات اور دیگر حقائق سامنے لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔



