12ہزار طلبہ،صرف2امتحانی مراکز،فاروق ستار نے سندھ حکومت پرسوال اٹھادیے

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے سندھ میں بدترین کرپشن کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ ناانصافیاں کی جا رہی ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ 2020 سے ایم ڈی کیٹ کے نظام میں خرابیوں کا سلسلہ جاری ہے، امتحانی فیس میں اضافہ کیا گیا جبکہ کراچی کے 12 ہزار طلبہ کے لیے صرف دو امتحانی مراکز قائم کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے دوران طلبہ کا ایم ڈی کیٹ امتحان کھلے میدانوں میں لیا گیا، جو کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔

فاروق ستار نے الزام عائد کیا کہ سندھ کے تمام وسائل پر وڈیروں اور جاگیرداروں کا قبضہ ہے جبکہ تعلیم اور صحت سے متعلق اداروں پر بھی پیپلز پارٹی قابض ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ کرپشن کی کہانی سب کے سامنے عیاں ہے اور سندھ کے شہری علاقوں کے طلبہ کے مستقبل کو تاریک کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں ایم ڈی کیٹ کا نظام مبینہ بدعنوانی سے کیسے محفوظ رہ سکتا ہے؟

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی کے نوجوانوں پر تعلیمی اداروں کے دروازے بند کیے جا رہے ہیں اور 2020 سے ایم ڈی کیٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button