سجاول میں پانی کی قلت پر احتجاج، روڈ بلاک کے الزام میں کسانوں کے خلاف مقدمہ درج

سجاول(جانوڈاٹ پی کے)پانی کی شدید قلت کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے، جس کے بعد علاقے میں صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سجاول پولیس نے چھیریانی اسٹاپ پر احتجاج اور روڈ بلاک کرنے کے الزام میں 12 نامزد اور 10 سے 12 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر میں زکریا لغاری اور توحید لغاری سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ مقدمہ اریگیشن عملے کے داروغے کی شکایت پر درج کیا گیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مظاہرین نے احتجاج کے دوران سڑک بلاک کر کے ٹریفک کی روانی متاثر کی۔
دوسری جانب کسانوں کا کہنا ہے کہ وہ شدید پانی کی قلت کے باعث اپنی فصلوں، خصوصاً سریال کی فصل کو خشک ہونے سے بچانے کے لیے فوری پانی کی فراہمی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مظاہرین کے مطابق یہ احتجاج مجبوری کے تحت کیا گیا تاکہ متعلقہ حکام کی توجہ اس سنگین مسئلے کی طرف مبذول کرائی جا سکے۔
کسانوں کے خلاف مقدمہ درج ہونے کے بعد مقامی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ شہری حلقے مطالبہ کر رہے ہیں کہ پانی کی قلت جیسے بنیادی مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ تنازع مزید نہ بڑھے۔



