ای گیجٹ کا شاندار استعمال: اوکاڑہ پولیس نے 72 لاکھ روپے مالیت کے 117 چوری اور گم شدہ موبائل فونز مالکان کے حوالے کر دیے

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں\جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب کے "محفوظ پنجاب” ویژن کے تحت ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی قیادت میں اوکاڑہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا بہترین استعمال کرتے ہوئے گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران 72 لاکھ روپے مالیت کے 117 چوری شدہ اور گم شدہ موبائل فونز برآمد کر کے ان کے اصل مالکان کے حوالے کر دیے ہیں۔
اس کامیاب ترین ریکوری میں پنجاب پولیس کی جدید "ای گیجٹ ایپ” نے بنیادی کردار ادا کیا، جس کے ذریعے موبائل فونز کا ڈیٹا اور IMEI ریکارڈ چیک کر کے فوری سراغ لگایا گیا۔ موبائل فونز کی تقسیم کی تقریب ڈی ایس پی لیگل کی نگرانی میں منعقد ہوئی، جس میں شہریوں کو ان کے فونز واپس لوٹائے گئے۔
ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے انچارج آئی ٹی سعد مصطفیٰ کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے قیمتی مال و اسباب کی حفاظت اور ان کی بازیابی اوکاڑہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔ موبائل فونز واپس ملنے پر شہریوں نے اوکاڑہ پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی اعلیٰ کاوشوں کی تعریف کی۔



