ہم خیال فورم کے زیرِ اہتمام عالیان کی پہلی برسی پر دعائیہ تقریب

میرپورخاص(شاھدمیمن:جانوڈاٹ پی کے)ہم خیال فورم کے زیرِ اہتمام عالیان کی پہلی برسی پر دعائیہ تقریب، میرپورخاص میں صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق ہم خیال فورم کے زیرِ اہتمام ایک سال قبل ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے کمسن عالیان بیگ کی پہلی برسی کے موقع پر پریس کلب کے سامنے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب میں عالیان کے والد اکرم بیگ،ملک محمود صابری،فیصخان زئی،بشیر الاہی محمدی،اعظم خان،معیز احمد،ذیشان عثمانی،نعمان حسن ایڈوکیٹ اور افشین اقبال کے علاوہ دیگر شہریوں، معصوم بچوں، افراد باہم معذورین ،سماجی شخصیات نے شرکت کی اور عالیان کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ایک سال قبل پیش آنے والے افسوسناک حادثے کے بعد عالیان کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات میسر نہ آسکیں جس کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکا انہوں نے کہا کہ جوان اولاد کا بچھڑ جانا والدین کے لیے ناقابلِ برداشت صدمہ ہوتا ہے اسی احساس کے تحت مرحوم کی یاد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ میرپورخاص میں صحت کی بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں کسی مریض یا حادثے کے شکار شخص کو بروقت علاج نہ ملنے کے باعث جان سے ہاتھ نہ دھونا پڑے انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے دیہی اور شہری علاقوں سے روزانہ بڑی تعداد میں مریض علاج کی غرض سے میرپورخاص آتے ہیں تاہم طبی سہولیات کی کمی کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تقریب کے دوران مرحوم عالیان کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی دعا کی گئی جبکہ راہگیروں اور شرکاء میں ٹھنڈا شربت بھی تقسیم کیا گیا مقررین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم عالیان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل دے شرکاء نے حکومتِ وقت سے اپیل کی کہ میرپورخاص میں جدید طبی سہولیات، ماہر ڈاکٹروں اور ضروری طبی آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی خاندان کو اپنے پیاروں کی جان بچانے کے لیے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



