ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا،سرمدعلی بھاگت

ٹھٹھہ( جاوید لطیف میمن )
چیئرمین پیٹرولیم سوشل ڈیولپمنٹ کمیٹی و سوشل ویلفیئر اوبلیگیشن فنڈ کمیٹی ایم این اے صادق علی میمن کی زیر صدارت دربار ہال مکلی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں کمیٹی کے سیکریٹری اور ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت سمیت مختلف متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران متعلقہ افسران نے جاری اور مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر شرکاء کی جانب سے صحت، تعلیم، واٹر سپلائی، ڈرینیج، پیور بلاک سمیت دیگر عوامی فلاحی منصوبوں سے متعلق اہم تجاویز پیش کی گئیں۔
کمیٹی نے عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعدد فلاحی منصوبوں کی منظوری دی اور افسران کو ہدایت جاری کی کہ منصوبہ جات کی جلد از جلد تیاری مکمل کی جائے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس میں سندھ یونیورسٹی کیمپس ٹھٹھہ کے طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی، جسے تعلیمی بہتری کی جانب ایک اہم اقدام قرار دیا گیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں مختلف سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے افسران اور بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی۔



