انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی، محسن نقوی گراؤنڈ میں پہنچ گئے، حارث رؤف اور شاداب خان کو گلے لگا کر مبارکباد

لاہور(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) تین ملکی ون ڈے ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی غیر معمولی کامیابی کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی میچ کے ہیروز کو مبارکباد دینے گراؤنڈ پہنچ گئے۔
محسن نقوی کے ہمراہ وفاقی وزراء عطا تارڑ اور عون چوہدری بھی موجود تھے۔ چیئرمین پی سی بی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں حارث رؤف اور شاداب خان سے باری باری ملاقات کی اور انہیں گلے لگا کر گرم جوشی سے مبارکباد دی۔
محسن نقوی نے دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور انگلینڈ کے خلاف کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزراء عطا تارڑ اور عون چوہدری نے بھی گراؤنڈ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
پاکستان کی اس فتح کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے، جبکہ شائقین کرکٹ میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔



