اسلام آباد میں پاکستان کا پہلا تھیم پارک تعمیر کرنے کا منصوبہ، سعودی سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں گے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا تھیم پارک اسلام آباد میں تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، جس میں سعودی سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں گے جبکہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) منصوبے کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔
منصوبے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
مفاہمتی یادداشت پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے دستخط کیے۔ محسن نقوی نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد السعود کو مبارکباد دی۔
معاہدے کے تحت سعودی سرمایہ کار اسلام آباد میں تھیم پارک کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاری کریں گے، جبکہ سی ڈی اے منصوبے کے لیے زمین فراہم کرے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب سے آنے والے معزز مہمانوں کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خیرمقدم کرتے ہیں۔ اسلام آباد کے بنیادی ڈھانچے کو جدید ترین شہروں کے معیار کے مطابق ترقی دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھیم پارک کا منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا اور سعودی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ چند ماہ میں سعودی عرب میں پاکستان کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے حوالے سے روڈ شو منعقد کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔
اس موقع پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود نے کہا کہ پاکستان، بالخصوص اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
تقریب میں سی ڈی اے کے ممبران اور سعودی وفد کے ارکان نے بھی شرکت کی۔ منصوبے کو اسلام آباد میں تفریحی سہولتوں کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



