راولپنڈی میں کار لفٹر گینگ کی پولیس پارٹی پر فائرنگ، بلٹ پروف جیکٹ نے کانسٹیبل کی جان بچا لی

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے) راولپنڈی کے علاقے نیو ٹاؤن میں بین الاضلاعی کار لفٹر گینگ نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی، تاہم بلٹ پروف جیکٹ پہننے کے باعث ایک کانسٹیبل محفوظ رہا۔ پولیس نے تعاقب کے دوران دو روز قبل تھانہ ایئرپورٹ کی حدود سے چوری ہونے والی لاکھوں روپے مالیت کی گاڑی برآمد کرلی۔
پولیس کے مطابق ویسٹریج پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایئرپورٹ کے علاقے سے گاڑی چوری کرنے والا بین الاضلاعی گینگ مزید گاڑیاں چوری کرنے کی غرض سے علاقے میں موجود ہے۔ اطلاع ملنے پر نیو ٹاؤن اور ویسٹریج پولیس کی ٹیموں نے ملزمان کا تعاقب شروع کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کا تعاقب نیو ٹاؤن کے علاقے تک جاری رہا، جہاں انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے دوران ایک گولی کانسٹیبل کی بلٹ پروف جیکٹ پر لگی، تاہم حفاظتی جیکٹ کے باعث وہ محفوظ رہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے چوری شدہ گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے گاڑی اپنی تحویل میں لے لی ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کردی گئی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔



