پی ٹی آئی میں اختیارات کے معاملے پر اختلاف، بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر گوہر کے بیانات سامنے آگئے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف میں آئندہ سیاسی حکمت عملی اور فیصلہ سازی کے اختیارات سے متعلق مختلف بیانات سامنے آگئے۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق فیصلوں کا اختیار پارلیمانی پارٹی کو دے دیا گیا ہے، جبکہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اس بیان کی تردید کردی ہے۔

بیرسٹر علی ظفر کے مطابق 27 اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مذاکرات یا احتجاج کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں بانی پی ٹی آئی تک رسائی، خواتین کارکنوں کی رہائی اور علاج سے متعلق معاملات پر بھی غور ہوگا، جبکہ اہم سیاسی اور تنظیمی امور کے ساتھ پارٹی کی آئندہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اختیارات پارلیمانی پارٹی کو منتقل کیے جانے کی خبروں کو درست قرار نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی، پولیٹیکل کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی الگ الگ فورمز ہیں اور ہر فورم کا اپنا دائرہ کار ہے۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق پارلیمانی پارٹی صرف پارلیمانی معاملات پر فیصلے کرتی ہے، جبکہ اس کے فیصلے کور کمیٹی اور پولیٹیکل کمیٹی میں پیش کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حتمی فیصلوں کا اختیار بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے۔

دونوں رہنماؤں کے بیانات کے بعد پارٹی میں آئندہ حکمت عملی اور فیصلہ سازی کے طریقہ کار سے متعلق صورتِ حال مزید اہم ہوگئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button