سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، سیاسی و عسکری قیادت کا اظہارِ افسوس

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ 89 سال کی عمر میں راولپنڈی میں انتقال کر گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام رینکس نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جنرل عبدالوحید کاکڑ نے 1959 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ وہ 12 جنوری 1993 سے 11 جنوری 1996 تک پاکستان کے گیارہویں آرمی چیف کے عہدے پر فائز رہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام رینکس نے مرحوم جنرل کی نمایاں عسکری خدمات، قیادت اور پاک فوج کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کرتی ہے۔

صدرِ مملکت کا اظہارِ افسوس

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر زرداری نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل دے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی اہلِ خانہ سے تعزیت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

مزید خبریں

Back to top button