اسلام آباد ہائیکورٹ کی پاسپورٹ حکام کو آخری مہلت، شہری کا نام پی سی ایل سے نکالنے کا حکم

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود شہری وجاہت حسین کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نہ نکالنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن حکام کو کل تک عمل درآمد کی مہلت دے دی۔

جسٹس اعظم خان نے ریمارکس دیے کہ اگر آج عدالتی فیصلے پر عمل نہ ہوا تو کل سے توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کر دی جائے گی۔ عدالت نے حکام کو ہدایت کی کہ کل شہری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکال کر پیش کیا جائے۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف دائر توہینِ عدالت کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ احمد رضا سرور، ڈی جی ایف آئی اے عثمان انور اور ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کو فوری طور پر ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔

سماعت کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے عدالت کو بتایا کہ شہری کا معاملہ نظرثانی کمیٹی میں زیرِ غور ہے۔ اس پر جسٹس اعظم خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ یہ کیا طریقہ ہے، کیا عدالتی حکم میں یہ لکھ دیا جائے کہ معاملہ کمیٹی میں ہے؟

امیگریشن حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ ایک مروجہ طریقہ کار ہے جس کے تحت معاملے کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ جسٹس اعظم خان نے استفسار کیا کہ عدالتی حکم کے بعد کون سا طریقۂ کار اختیار کیا جاتا ہے؟ انہوں نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو تنبیہ کی کہ آئندہ توہینِ عدالت کی درخواست آئی تو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے، جبکہ ڈی جی کو طلب کرنے کی ہدایت بھی کی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہلے ہی شہری وجاہت حسین کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے چکی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button