پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی حتمی تاریخ کا فیصلہ نہ ہو سکا

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں جاری ہیں، تاہم انتخابات کی حتمی تاریخ کا فیصلہ تاحال نہیں ہو سکا۔ صوبائی کابینہ نے پنجاب کی 6 ہزار 637 یونین کونسلز کے ناموں سے متعلق محکمہ بلدیات کی سمری منظور کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے کاغذی کارروائی مکمل کر لی ہے، جبکہ انتخابی شیڈول اور تاریخوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مشاورت جاری ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کے مجوزہ شیڈول کے مطابق انتخابات نہیں کرا سکتی۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی وزارتی کمیٹی 28 اکتوبر کو الیکشن کمیشن کے سامنے اپنا مؤقف پیش کرے گی۔
صوبائی وزیر کے مطابق پنجاب حکومت نے بلدیاتی ایکٹ 2025 کے تحت انتخابات کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کو تین تاریخیں تجویز کی تھیں، جن میں 4 اپریل، 11 اپریل اور 18 اپریل شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نومبر اور دسمبر میں اسموگ کے باعث انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں، اسی لیے رمضان المبارک کے بعد بلدیاتی انتخابات کرانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات نے واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات کی حتمی تاریخ کا تعین الیکشن کمیشن کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔



