عمان سے ایل پی جی کے دو جہاز آنے کے باوجود قیمتوں میں کمی نہ آ سکی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) عمان سے ایل پی جی کے دو بحری جہاز پاکستان پہنچنے کے باوجود ملک بھر میں گیس کی قیمتوں میں کمی نہ آ سکی، مختلف شہروں میں ایل پی جی کے نرخ 600 سے 650 روپے فی کلو تک برقرار ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں قیمتوں میں مزید اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 30 روپے کمی کے بعد نرخ 520 روپے ہو گئے ہیں، تاہم کراچی میں قیمت بڑھ کر 550 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

پشاور میں ایل پی جی 570 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ اٹک، اسلام آباد اور راولپنڈی میں فی کلو قیمت 600 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں قیمتوں میں نمایاں فرق کے باعث صارفین کو مہنگی گیس خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں ایل پی جی کی دکانیں مسلسل دوسرے روز بھی ہڑتال کے باعث بند رہیں، جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عمان سے ایل پی جی کے دو بحری جہاز پاکستانی بندرگاہوں پر لنگرانداز ہوئے تھے۔ جہازوں کی آمد کے بعد گیس کی قیمتوں میں کمی کی توقع کی جا رہی تھی، تاہم تاحال بیشتر شہروں میں صارفین کو ریلیف نہیں مل سکا۔

مزید خبریں

Back to top button