عالمی منڈی میں خام تیل سستا، امریکی قیمت 101 ڈالر اور برینٹ 115 ڈالر فی بیرل پر آگیا

لندن (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، گزشتہ ہفتے قیمتیں تقریباً چھ ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی تھیں، تاہم نئے کاروباری سیشن میں امریکی اور برطانوی خام تیل دونوں کی قیمتیں نیچے آگئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں ایک ڈالر 60 سینٹ فی بیرل کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 101 ڈالر 67 سینٹ پر آگیا۔

اسی طرح عالمی منڈی میں برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت بھی ایک ڈالر 56 سینٹ فی بیرل کم ہوکر 115 ڈالر 16 سینٹ ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں حوثی حملوں کے بعد توانائی کی رسد متاثر ہونے کے خدشات نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کو سہارا دیا تھا۔ جمعے کو کاروبار کے اختتام پر امریکی اور برطانوی خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً تین ڈالر فی بیرل اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت میں مجموعی طور پر 6 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ امریکی خام تیل 2.3 فیصد مہنگا ہوا۔

حالیہ کمی کے باوجود عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔ توانائی کی رسد میں ممکنہ رکاوٹیں اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال آئندہ دنوں میں تیل کی قیمتوں پر اثر انداز ہونے والے اہم عوامل میں شامل ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button