ایران کا امریکا اور اسرائیل کو سخت انتباہ، نئی فوجی کارروائی کا بھرپور جواب دینے کا اعلان

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ دوبارہ فوجی تنازع شروع ہونے کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئی فوجی کارروائی کا پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ خطے کے کسی ایک ملک میں جنگ چھڑنے کی صورت میں امن کا قیام ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کسی بھی نئی فوجی کارروائی کی صورت میں بھرپور ردعمل دے گا۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے بھی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کا ایسا جواب دیا جائے گا جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔
قالیباف کے مطابق ایران اب ایک آزاد اور طاقتور علاقائی قوت بن چکا ہے اور ملک کی تقدیر کا فیصلہ غیرملکی طاقتیں نہیں کرسکتیں۔
انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ اپنا رویہ تبدیل کرے، دھمکیاں دینا بند کرے اور اپنے وعدوں کی پاسداری کرے۔
ایرانی قیادت کے ان بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران امریکا اور اسرائیل کے ساتھ ممکنہ نئے فوجی تنازع کے خدشات کے پیش نظر اپنا سخت مؤقف برقرار رکھے ہوئے ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کی اہمیت بھی برقرار ہے۔



