مکہ دفاعی معاہدے کے رکن ممالک کے اعلیٰ حکام کی تہران میں ایرانی قیادت سے ملاقات کے لئے رابطے

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران، سعودی عرب اور مکہ دفاعی معاہدے کے دیگر رکن ممالک کے درمیان علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون سے متعلق اہم رابطے متوقع ہیں، جس کے تحت معاہدے کے رکن ممالک کے اعلیٰ حکام آج تہران میں ایرانی حکام سے ملاقات کریں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب کی نمائندگی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کریں گے۔ مذاکرات کے دوران علاقائی رابطہ کاری، سلامتی کی صورتِ حال اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
سعودی عرب پر یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں کے بڑھتے ہوئے حملوں کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ مکہ دفاعی معاہدے کے رکن ممالک کے اعلیٰ حکام ایرانی قیادت سے رابطہ کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں مکہ دفاعی معاہدے کے رکن ممالک کے وزرائے دفاع نے ریاض میں ہنگامی اجلاس منعقد کیا تھا، جس میں سعودی عرب میں فوجی دستوں اور دفاعی صلاحیتوں کی فوری تعیناتی یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
دوسری جانب سعودی حکومت کے میڈیا دفتر اور پاکستان کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
تہران میں متوقع یہ ملاقات ایسے وقت میں اہمیت اختیار کرگئی ہے جب خطے میں سلامتی کی صورتِ حال اور سعودی عرب پر حملوں کے تناظر میں علاقائی رابطہ کاری کی کوششیں جاری ہیں۔



