انگلینڈ کے خلاف تاریخی فتح، وزیراعظم شہباز شریف صدر زرداری اور محسن نقوی کی قومی ٹیم کو مبارکباد

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سہ ملکی ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کے خلاف ایک وکٹ سے سنسنی خیز کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف، صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ انگلینڈ کے خلاف شاندار فتح پر قومی ٹیم کے تمام کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرکے پوری قوم کے دل جیت لیے۔
انہوں نے کہا کہ میچ کے دوران قومی کھلاڑیوں کے عزم، نظم و ضبط اور بھرپور مقابلے کے جذبے نے پوری قوم کو فخر کا موقع فراہم کیا۔ وزیراعظم نے شاداب خان کی شاندار سنچری اور حارث رؤف کے ساتھ آخری وکٹ پر فیصلہ کن شراکت کو خصوصی طور پر سراہا، جس نے میچ کا رخ پاکستان کے حق میں موڑ دیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لاہور میں کرکٹ شائقین کا جوش و خروش پوری قوم کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔ قومی کھلاڑیوں نے اپنی عمدہ کارکردگی سے لاکھوں پاکستانیوں کو خوشی اور فخر کا احساس دلایا۔
وزیراعظم نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عالمی معیار کی بین الاقوامی کرکٹ کے فروغ کے لیے ان کی کاوشیں اہمیت رکھتی ہیں۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی انگلینڈ کے خلاف اعصاب شکن مقابلے میں ایک وکٹ سے کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے شاداب خان کی سنچری اور حارث رؤف کے ساتھ آخری وکٹ کی اہم شراکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے عزم، حوصلے اور بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کرکے پاکستان کو یادگار فتح دلائی۔
صدرِ مملکت نے سہ ملکی سیریز میں قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی اور کھلاڑیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو بھی مبارکباد پیش کی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی انگلینڈ کے خلاف اہم میچ میں قومی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں کامیابی پر مبارکباد دی۔



