پی ٹی آئی افغانستان اور طالبان کی تابعداری اور حمایت کرنا چاہتی تھی، صوبے میں حکومت کی تبدیلی کی ذمے دار وہ خود ہے، پرویز خٹک

نوشہرہ (جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ اور پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما پرویز خٹک نے صوبے میں حکومت کی تبدیلی، گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی ذمہ داری پی ٹی آئی پر عائد کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ پارٹی افغانستان اور طالبان کی تابعداری اور حمایت کرنا چاہتی تھی۔

مانکی شریف، نوشہرہ میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پالیسیوں کی وجہ سے صوبے میں ایسے حالات پیدا ہوئے جن کے نتیجے میں حکومت ختم ہوئی اور گورنر راج و ایمرجنسی کے نفاذ کی نوبت آئی۔

انہوں نے کہا کہ گورنر راج کا فیصلہ مشکل تھا اور سیاسی اعتبار سے بھی ایسا اقدام اچھا نہیں سمجھا جاتا، تاہم ان کے بقول حالات اس نہج پر پہنچا دیے گئے کہ مجبوری میں یہ فیصلہ کرنا پڑا۔ پرویز خٹک نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی میں کوئی معاملے کو سمجھنے اور سوچنے والا ہوتا تو صورتِ حال یہاں تک نہ پہنچتی۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی کے ساتھ ان کے دیرینہ تعلقات ہیں اور ملاقات میں صوبے کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے دورِ حکومت میں شروع کیے گئے ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں پرویز خٹک نے واضح کیا کہ وہ فی الحال آزاد ہیں اور کسی دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت کا ارادہ نہیں رکھتے۔

صوبے کی ترقی اور دہشت گردی کا خاتمہ ترجیحات ہیں، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز خٹک کے ساتھ صوبے کی سیاسی صورتِ حال اور دیگر اہم امور پر بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعلیٰ کے سیاسی تجربے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پرویز خٹک نے اپنے دورِ حکومت میں اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر صوبے کی ترقی کے لیے کام کیا۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے کی ترقی کے لیے تمام سیاسی رہنماؤں اور مشیروں کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔ خیبرپختونخوا کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا اور دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں، جبکہ دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرکے عوام کو سہولتیں فراہم کرنا ضروری ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ پشاور میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیلڈ مارشل اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شرکت کی۔ ان کے مطابق انہوں نے اجلاس میں وفاقی قیادت کے سامنے صوبے کے مسائل اور مطالبات پیش کیے۔

مزید خبریں

Back to top button