ایل پی جی لے کر ایک اور بحری جہاز کراچی پہنچ گیا، قیمتوں میں کمی کی امید

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) ملک میں ایل پی جی کی طلب پوری کرنے کے لیے ایک اور بحری جہاز کراچی پہنچ گیا، جس کے ذریعے 4 ہزار میٹرک ٹن مائع پیٹرولیم گیس درآمد کی گئی ہے۔ ایل پی جی کی سپلائی بہتر ہونے کے بعد قیمتوں میں کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
ترجمان پورٹ قاسم اتھارٹی کے مطابق بحرین سے ایل پی جی لے کر آنے والا بحری جہاز یلو اسٹون پورٹ قاسم پہنچا، جہاں 24 اکتوبر کو اسے برتھ پر لنگر انداز کیا گیا۔ جہاز مجموعی طور پر 4 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر آیا۔
ترجمان کے مطابق پورٹ قاسم پر ایل پی جی کی کھیپ کی ہینڈلنگ مکمل کر لی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی درآمد سے مقامی مارکیٹ میں گیس کی طلب پوری کرنے میں مدد ملے گی اور سپلائی کی صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب اکتوبر کے لیے ایل پی جی کی سرکاری مقررہ قیمت 279 روپے 34 پیسے فی کلو ہے، تاہم ملک کے مختلف شہروں میں صارفین کو یہی گیس 600 سے 650 روپے فی کلو تک فروخت کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی سپلائی میں بہتری آنے سے مارکیٹ میں دستیابی بڑھنے اور قیمتوں میں کمی کے امکانات ہیں، تاہم صارفین کو ریلیف ملنے کا انحصار مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کے رجحان پر ہوگا۔



