شاداب خان کی بیٹنگ مثالی تھی، شکست کے باوجود انگلینڈ کیلئے مثبت پہلو موجود ہیں، برینڈن میک کولم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے پاکستان کے خلاف میچ میں شاداب خان کی شاندار بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی آل راؤنڈر کی اننگز غیر معمولی تھی، انہوں نے دباؤ میں بہترین مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے برینڈن میک کولم نے کہا کہ شاداب خان نے لاجواب بیٹنگ کی اور مشکل صورتحال میں جس اعتماد اور مہارت کے ساتھ کھیلے، وہ قابلِ تعریف ہے۔ ان کی اننگز نے پاکستان کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انگلش کوچ کا کہنا تھا کہ ایل بی ڈبلیو کی اپیل پر شاداب خان کا ردعمل دیکھ کر ایسا محسوس ہوا جیسے وہ پہلے ہی میچ جیت چکے ہوں۔ شاداب نے ریویو لیا اور امپائر کی جانب سے ناٹ آؤٹ قرار پائے، جو کرکٹ کے کھیل کا حصہ ہے۔

برینڈن میک کولم نے کہا کہ جب کسی ٹیم کو شکست ہوتی ہے تو مختلف پہلو سامنے آتے ہیں، تاہم انگلینڈ کے لیے اس میچ میں بھی کچھ مثبت چیزیں موجود ہیں جن سے آئندہ مقابلوں کے لیے سیکھا جا سکتا ہے۔

انہوں نے انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اچھی کپتانی کر رہے ہیں اور ٹیم کی حکمت عملی مرتب کرتے وقت مشاورت سے کام لیتے ہیں۔

انگلش ہیڈ کوچ نے ایک بار پھر شاداب خان کی بیٹنگ کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور اپنی اننگز سے میچ کا رخ تبدیل کردیا۔

مزید خبریں

Back to top button