بشریٰ بی بی کی بیٹی کا جیل انتظامیہ کے خلاف عدالت سے رجوع، پراسیکیوشن کو نوٹس جاری


راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) بشریٰ بی بی کی بیٹی مبشرہ شیخ نے جیل انتظامیہ کے خلاف سیشن کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
درخواست فیصل ملک ایڈووکیٹ کے ذریعے عدالت میں جمع کرائی گئی، جس پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خرم سلیم نے پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 جولائی کو جواب طلب کر لیا۔
عدالت نے درخواست پر مزید سماعت 16 جولائی تک ملتوی کر دی۔
درخواست میں جیل اہلکار مریم پر مبینہ غفلت، بدسلوکی اور غیر انسانی رویے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ بشریٰ بی بی نے آنکھ میں شدید تکلیف کی متعدد بار شکایت کی، تاہم بروقت طبی توجہ نہیں دی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ علاج میں تاخیر کے باعث آنکھ کی بیماری شدت اختیار کرتی رہی اور بعد ازاں بشریٰ بی بی کو فوری سرجری کروانا پڑی۔
درخواست گزار کے مطابق جیل اہلکار مریم کے رویے کے حوالے سے کئی بار شکایات کی گئیں، تاہم مبینہ طور پر متعلقہ اہلکار کا رویہ نامناسب، توہین آمیز اور غیر پیشہ ورانہ رہا۔