علیمہ خان کی گرفتاری کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، حسن خان پٹھان

بدین (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ڈپٹی اطلاعات سیکریٹری حسن خان پٹھان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں حسن خان پٹھان نے کہا کہ علیمہ خان کی گرفتاری کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان اور قیادت کے خلاف کارروائیوں سے سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
حسن خان پٹھان نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی جانب سے فسطائیت، لاقانونیت، ظلم و زیادتی اور ناانصافی کی انتہا کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ علیمہ خان کو فی الفور رہا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ہوگا اور ایم پی او کے تحت گرفتاریاں اور مقدمات پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔
حسن خان پٹھان نے مزید الزام عائد کیا کہ علیمہ خان سمیت پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں حکمران جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کی مبینہ بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں۔
واضح رہے کہ علیمہ خان کو 20 ستمبر کو لاہور میں ایم پی او کے تحت 30 روز کے لیے حراست میں لیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔



