ڈانو دھانڈل سے مختلف دیہات کو جانے والی لنک سڑکیں خستہ حالی کا شکار، حادثات معمول بن گئے

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈانو دھانڈل سے مختلف دیہات کو جانے والی لنک سڑکیں طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہیں، جس کے باعث علاقہ مکینوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گاؤں رتنیاری، سوندر، موکھئی سمیت دیگر علاقوں کو جانے والی سڑکیں جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق سڑکوں پر بڑے بڑے گڑھے پڑنے اور کئی مقامات پر سڑک کی سطح اکھڑ جانے کے باعث سفر انتہائی دشوار ہوگیا ہے، جبکہ گڑھوں اور ناہموار راستوں کے باعث موٹرسائیکلوں، چنگچی رکشوں، جیپوں اور دیگر گاڑیوں کو آمدورفت میں مشکلات پیش آتی ہیں اور چھوٹے بڑے حادثات بھی معمول بن چکے ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ جن علاقوں تک عام حالات میں تقریباً آدھے گھنٹے میں پہنچا جاسکتا ہے، خراب سڑکوں کے باعث وہاں پہنچنے میں کئی گھنٹے لگ جاتے ہیں۔ سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث نہ صرف سفر کا دورانیہ بڑھ رہا ہے بلکہ گاڑیوں کے خراب ہونے اور اضافی اخراجات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق خراب سڑکوں کی وجہ سے روزانہ شہر آنے جانے والے افراد، طلبہ، مزدوروں، کاشتکاروں اور مریضوں کو خاص طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو اسپتال منتقل کرنے کے دوران بھی تاخیر کا خدشہ رہتا ہے۔ مکینوں کا مزید کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران صورتحال مزید سنگین ہوجاتی ہے، کیونکہ سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے اور کیچڑ جمع ہونے سے آمدورفت مزید مشکل ہوجاتی ہے، جبکہ کئی مقامات پر سڑکوں کے کنارے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈانو دھانڈل سے گاؤں رتنیاری، سوندر، موکھئی اور دیگر علاقوں کو جانے والی لنک سڑکوں کا فوری معائنہ کرکے مرمت کا کام شروع کیا جائے، تاکہ عوام کو درپیش سفری مشکلات کا ازالہ اور حادثات کے خدشات کو کم کیا جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button