حج 2027کیلئےبڑا اپ ڈیٹ،17ہزار سے زائد پرائیویٹ عازمین کی بکنگ مکمل،14ارب روپے کمپنیوں کو منتقل

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزارتِ مذہبی امور نے حج 2027 کے لیے پرائیویٹ حج اسکیم سے متعلق اہم پیش رفت سے آگاہ کردیا، پاک حج ایپ کے ذریعے 17 ہزار سے زائد پرائیویٹ عازمین کی بکنگ مکمل کرلی گئی ہے جبکہ ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے مجاز حج کمپنیوں کے اکاؤنٹس میں 14 ارب روپے منتقل کیے جاچکے ہیں۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے مجاز کمپنیوں کو رقوم منتقل کی گئی ہیں، جبکہ 6 ارب روپے ون لنک اور بینک کارڈز کے ذریعے آن لائن جمع کرائے گئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ حج اسکیم میں اب بھی 54 ہزار نشستیں دستیاب ہیں، لہٰذا حج کے خواہش مند افراد گھر بیٹھے پاک حج ایپ کے ذریعے اپنی پسند کا حج پیکیج منتخب کرسکتے ہیں۔
وزارت نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج منظم کمپنی کا انتخاب اور حج پیکیج کی ادائیگی صرف پاک حج ایپ کے ذریعے کریں تاکہ مالی معاملات میں شفافیت برقرار رہے اور فراڈ سے بچا جاسکے۔
وفاقی وزارتِ مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ کسی فرد یا کمپنی کو براہِ راست ادائیگی کی اجازت نہیں۔ وزارت کے مطابق پاک حج ایپ کے علاوہ کسی دوسرے ذریعے سے ادائیگی کی صورت میں ہونے والے فراڈ کی ذمہ داری وزارت پر عائد نہیں ہوگی۔
حکام نے عازمین پر زور دیا ہے کہ بکنگ اور ادائیگی کے عمل میں صرف مجاز اور ڈیجیٹل طریقہ کار اختیار کریں۔



