پاکستان جاپان اقتصادی تعاون میں وسعت، وزیراعظم سے چوہدری آصف محمود کی ملاقات
اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل، وزیراعظم اور پاک جاپان گروپ کے سی ای او میں اہم گفتگو

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاک جاپان گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چوہدری آصف محمود نے ملاقات کی، جس میں کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی، ملکی برآمدات میں اضافے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کا سازگار ماحول فراہم کرنے، ان کے مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے مواقع بہتر بنانے سے متعلق اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ اور ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔وزیراعظم نے پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں فروغ دینے اور نئی بین الاقوامی مارکیٹوں تک رسائی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ برآمد کنندگان کو درپیش مشکلات دور کرنے اور ملکی برآمدات کے حجم میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ملاقات کے دوران پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات بھی زیر غور آئے۔وزیراعظم نے اس امر پر بھی زور دیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کے لیے آسان اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ ملکی معیشت میں مزید کردار ادا کرسکیں۔ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر بھی موجود تھے۔



