ایران کا امریکا اور اسرائیل کی دھمکیاں رکوانے کیلئے اقوام متحدہ سے رجوع، سلامتی کونسل کو خط ارسال

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مبینہ دھمکیوں پر اقوام متحدہ سے رجوع کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں ممالک کو تہران کے خلاف دھمکی آمیز بیانات دینے سے روکا جائے۔

تفصیلات کے مطابق ایران نے اقوام متحدہ کو خط ارسال کیا ہے، جس میں امریکا کی جانب سے ’مدر آف آل بمز‘ استعمال کرنے کی دھمکی کی مذمت کی گئی ہے۔ ایرانی حکام نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کو ایسی دھمکیوں سے باز رہنے کا پابند بنایا جائے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں ایران کے سفیر اور ناظم الامور غلام حسین درزی کے دستخط سے بھیجا گیا خط اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے موجودہ صدر کو ارسال کیا گیا ہے۔

خط میں ایرانی نمائندے نے دونوں عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر امریکی اور اسرائیلی حکومتوں سے مطالبہ کریں کہ وہ غیر قانونی دھمکیاں بند کریں اور اقوام متحدہ کے منشور سمیت بین الاقوامی قانون کے لازمی اصولوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی مکمل پابندی کریں۔

ایران نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایسی دھمکیاں خطے کی صورتِ حال کو مزید کشیدہ کر سکتی ہیں، اس لیے عالمی ادارے کو معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ممالک کو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کا پابند بنانے کے لیے اقدامات کرنے چاہییں۔

مزید خبریں

Back to top button